ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / محبوبہ مفتی نے کیا حکومت کو خبردار،کہا افغانستان کی صورتحال سے سبق لے مودی سرکار

محبوبہ مفتی نے کیا حکومت کو خبردار،کہا افغانستان کی صورتحال سے سبق لے مودی سرکار

Mon, 23 Aug 2021 11:32:44    S.O. News Service

مرکز ہمارامزیدامتحان نہ لے،اپنے رویہ میں تبدیلی لائے،جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کو بحال کرے حکومت

سری نگر،23؍اگست(ایس اونیوز؍ایجنسی)افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد جہاں حمایت اور مخالفت کی باتیں ہورہی ہیں وہیں جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت سے دوٹوک کہا ہے کہ وہ افغانستان سے سبق لے، جہاں طالبان نے بڑی لڑائی اورجہدمسلسل کے ذریعہ اقتدار پرنہ صرف قبضہ کرلیا،بلکہ امریکی افواج کو وہاں سے بھاگنے پر مجبورکردیا-سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکز کو خبردار کیا کہ وہ ہمارا امتحان نہ لے،اپنے رویہ میں تبدیلی لائے اورطریقہ کوبہتر کرے، صورتحال کو سمجھے اور دیکھے کہ پڑوسی ملک میں کیا ہو رہا ہے- انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر تبادلہ خیال کرے اور ریاست کی خصوصی حیثیت بحال کرے جو 2019 میں منسوخ کر دی گئی تھی-بی جے پی نے محبوبہ کے تبصرہ پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ مرکزکے ماتحت علاقے(جموں وکشمیر، لداخ) میں سیاسی بنیادیں کھو دینے کے بعد”نفرت کی سیاست“میں ملوث ہیں اور جو بھی ہندوستان کے خلاف سازش کرے گا اسے تباہ کر دیا جائے گا- 5/ اگست 2019 کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے، محبوبہ نے کہا کہ طالبان کے عزائم سے خوفزدہ ہوکر امریکہ جیسے سب سے طاقتورملک کو اپنے تھیلے سمیٹ کر بھاگنا پڑا- آپ (مرکز) کے پاس اب بھی موقع ہے کہ جموں و کشمیر پر بات چیت کا عمل شروع کرے -اپنی غلطی کو سدھارلیں،ورنہ بہت دیرہوجائے گی-جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ نے نوجوانوں سے اسلحہ نہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو بندوق یا پتھر سے حل نہیں کیا جا سکتا- انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت کو چاہیے کہ وہ جو کچھ ہم سے چھین چکی ہے، اسے واپس کردے اور مسئلہ کشمیر کو جموں و کشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کرے-افغانستان کی مثال دیتے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ بندوق یا پتھر سے مسائل حل نہیں ہو سکتے- انہوں نے کہا کہ طالبان اب افغانستان کو کنٹرول کر رہے ہیں اور انہوں نے امریکہ کو بھاگنے پر مجبور کر دیاہے- لیکن، ابھی وہ کہہ رہے ہیں کہ بندوقیں نہیں چلیں گی- پوری دنیا ان پر نظر رکھے ہوئے ہے کہ وہ کیسا برتاؤ کرتے ہیں -بی جے پی کے صدر رویندر رائنا نے محبوبہ کے ان تبصرہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کچھ غلط فہمیوں میں ہیں - ہندوستان ایک طاقتور ملک ہے - جو بھی ہندوستان کے خلاف سازش کرے گا اسے تباہ کر دیا جائے گا-


Share: